حیدرآباد،23/ دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا چھٹا جلسہ تقسیم اسناد شنبہ‘ 26 دسمبر کو 12:00 بجے دن یونیورسٹی کیمپس‘ گچی باؤلی میں منعقد ہوگا۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد شاہد کے بموجب صدر جمہوریہ ہند جناب پرنب مکھرجی مہمانِ خصوصی ہوں گے جبکہ جناب ای ایس ایل نرسمہن‘ گورنر تلنگانہ وآندھراپردیش‘ جناب محمود علی‘ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مہمانانِ اعزازی ہوں گے۔جناب ظفر یونس سریش والا‘ چانسلر اُردو یونیورسٹی صدارت کریں گے۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز‘ وائس چانسلر خیر مقدم کریں گے اور یونیورسٹی رپورٹ پیش کریں گے۔ اس موقع پر مختلف میدانوں میں سرگرم عمل دونامورہستیوں کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔ ڈگری یافتگان میں جناب شاہ رخ خان‘ ممتاز فلم شخصیت اور جناب سنجیو صراف‘ بانی‘ ریختہ فاؤنڈیشن شامل ہیں۔ جلسہ تقسیم اسناد میں پی ایچ ڈی و ایم فل پروگراموں میں کامیاب طلبا کو اسناد دی جائیں گی۔گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کورسز میں سرفہرست آنے والے طلبہ کو طلائی تمغے بھی پیش کیے جائیں گے۔ ریگولر اور فاصلاتی طرز کے 2013‘ 2014‘ 2015 اور2016 کے مختلف پروگراموں میں کامیاب طلبا کو کانوکیشن کے بعد اُن کے متعلقہ شعبوں میں اسنادات تقسیم کیے جائیں گے۔2,885 فارغ التحصیل طلبا کو مختلف مضامین میں گریجویشن و پوسٹ گریجویشن کی سند عطا کی جائیں گی اور 276 طلبا کو ایم فل و پی ایچ ڈی کی سندیں دی جائیں گی۔ اس جلسہ تقسیم اسناد میں فاصلاتی طرز کے کُل 44,235 گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے فارغین کو بھی ان کی غیر حاضری میں سندیں دی جارہی ہیں۔مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اس سے قبل ڈاکٹر راج بہادر گوڑ‘ جناب سید حامد‘ پروفیسر اخلاق الرحمن قدوائی‘ جناب شمس الرحمن فاروقی‘ جناب دلیپ کمار‘ ڈاکٹر عابد حسین‘ پروفیسر گوپی چند نارنگ‘محترمہ جیلانی بانو‘ جسٹس اے ایم احمدی‘ جناب گلزار‘ پروفیسر محمد شمیم جیراجپوری‘ پروفیسر سکھ دیو تھوڑات‘ جسٹس راجندر سچراور جناب عامر خان کو اُن کے نمایاں کارناموں کے لیے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں عطا کرچکی ہیں۔